گوشہ اردو

یاسین – برفانی تودے کی زد میں آکر ایک ھی خاندان کے چار افراد ہلاک، تین زخمی

گلگت(صفدرعلی صفدرسے) ضلع غذر میں گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں سے جاری بارشوں او ر پہاڑوں پر ہونے والی برفباری نے تباہی مچادی، تحصیل یاسین کے نواحی گاﺅں قرقلتی میں برفانی تودے زد میں آکر ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور ایک مرد شامل ہے ۔ بارشوں کے نتیجے میں غذر گلگت ، غذر چترال اور گاہکوچ اشکومن روڈ دس سے زائد مقامات پر بلاک ہوگئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام سے شروع ہونے والی بارش اڑتالیس گھنٹے گزرنے کے بعد بھی جاری رہی میدانی علاقوں میں موسلہ دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے نتیجے میں نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے ۔ تحصیل یاسین کے نواحی گاﺅں قرقلتی میں سوموار اور منگل کی رات گئے آنے والے برفانی تودے میں دب کر ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 32 سالہ ٹکا خان، اسکی تین سالہ بیٹی کریمہ، 30 سالہ بیوی اور 60 سالہ والدہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ تین افراد بلاور خان ولد حاجی خان ، الطاف ولد بلاور خان اور نادیہ ولد ٹکا خان شدید ز خمی ہوگئے ۔اطلاع ملتے ہی اے سی گوپس یاسین شجاع عالم پولیس نفری اور فوکس کی ریسکیوٹیم کے ہمراہ متاثرہ گاﺅں روانہ ہوئے ۔خراب موسم اور سڑکوں کی بندش کے وجہ سے ریسکیوٹیم کو متاثرہ علاقے تک پہنچنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مقامی آبادی اور ریسکیوٹیم نے آٹھ گھنٹوں کی محنت کے بعد جاںبحق ہونے والے چاروں افراد کو برف سے نکال لیا اور ان کو بعد از نماز عصر مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ایک ہی خاندان کے چار لاشوں کی تدفین میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔دوسری طرف شدید بارش کے بعد غذر گلگت ، غذر چترال اور گاہکوچ اشکومن روڈ مختلف مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بلاک ہوگئی ہے پی ڈبلیو ڈی کی ٹیمیں بلاک راستوں کوکھولنے کے لئے روانہ کردی گئی ہیں ڈی سی غذر عبدالقمر شہزاد سڑکوں کی بحالی کی کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ یاسین اور گوپس میں اے سی شجاع عالم نے پی ڈبلیو ڈی کے اہلکاروں کے ہمراہ روڈ کھولنے کے لئے کام کرر ہے ہیں اے سی گوپس شجاع عالم نے صحافیوں کو بتایا کہ قرقلتی کے متاثرہ گاﺅں تک سڑک اور بجلی چوبیس گھنٹے کے اند ر بحال کردی جائیگی جبکہ پھنڈر اور گوپس کے درمیان چار جگہوں پر بلاک روڈ کو بھی کھولنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ضلع غذر کے مختلف تحصیلوں اور دیہاتوں میں برفانی تودے گرنے کے اطلاعات ہیں ان تودوں کی زد میں آکر بڑے پیمانے پر مال مویشیوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہے ۔پہاڑوں پر موجود چرواہوں کے خریت معلوم کرنے کے لئے بھی مقامی افراد پر مشتمل ٹیمیں مختلف نالہ جات روانہ کردی گئی ہیں

Related Articles

Back to top button