گوشہ اردو

صنفی مساوات کے حوالے سے ہنزہ میں سیمینار کا انعقاد

گلگت(ڈسٹرکٹ رپورٹر) آگہی پاکستان کے زیر اہتمام ہنزہ میں” خواتین دشمن رواجات ایکٹ2011 اور گلگت بلتستان میں اسکے اطلاق کا مسئلہ ” کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا تھا ۔ یہ سیمینار امریکی عوام کے بین الاقوامی ادارے (USAID ) کے مالی تعاون جبکہ عورت فاونڈیشن اور ایشیاء فاونڈیشن کے باہمی اشتراک سے چلائے جانے والے صنفی مساوات پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا۔صنفی مساوات کے پروگرام کا مقصد پاکستان میں خواتین کے حوالے سے روا رکھے جانے والوں رویوں میں تبدیلی لانا اور خواتین کی معلومات، وسائل اور اداروں تک رسائی ممکن بنانے میں مدد فراہم میں کرنا ہے۔ سیمیناسے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صدر پریس کلب ہنزہ نگرغلام مرتضی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں خواتین سے متعلق بننے والے قوانین کو گلگت بلتستان میں بھی نافذ العمل کیا جائے۔گلگت بلتستان میں 95 فیصد لوگ قومی اسمبلی میں خواتین سے متعلق بننے والے قوانین سے نا واقف ہیں اس لئے زیادہ سے زیادہ شعور و آگاہی کے پروگرامز منعقد کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف کوئی جرم کرتا ہے تو اسکے خلاف سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ خواتین کے حقوق کے حوالے سے آگہی پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا پریس کلب ہنزہ نگر آگہی پاکستان کے ساتھ مل کر علاقے میں شعور و آگاہی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریگا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہنزہ نگر کے معروف سیاسی شخصیت اجلال حسین نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی میں سب پڑھے لکھے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں لیکن انہیں بہتر قانون سازی کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔خواتین کے حقوق کے حوالے سے ہر پلیٹ فارم پر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔خواتین سے متعلق قوانین کو گلگت بلتستان تک پھیلایا جائے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی ریحان شاہ نے کہا کہ قوانین کو لاگو کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے افراد کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔ہمیں حقیقت پسندی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی آنکھیں کھلی رکھنے کی ضرورت ہے۔اور خواتین سے متعلق رواجات اور روایات میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔زبردستی شادی گلگت بلتستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔سماجی کارکن عزیز علی نے خواتین سے متعلق قومی اسیمبلی میں پاس ہونے والے قوانین سے متعلق بھی شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی سیمینار میں دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور شرکاء نے گروپ سرگرمی میں حصہ لیا۔آخر میں سردار خان نے آگہی پاکستان کی طرف سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button