گوشہ اردو

اردو بلاگرز کانفرس .. مختصر روداد

دو روزہ بین الاقوامی اردو بلاگرز کانفرنس بہت ساری خوشگوار یادیں اپنے دامن میں سمیٹے کل (٢٧ جنوری) لاہور میں اختتام پذیر ہوا.ملک کے مختلف کونوں سے آئے ہوے بلاگرز نے اردو بلاگنگ کی موجودہ صورتحال، اردو بلاگنگ کی تاریخ، اسکی سماجی اور ثقافتی افادیت اور بلاگز سمیٹ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اردو زبان کی ترویج کے لیے مزید کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا.بلاگرز کو لاحق خطرات کے پیش نظر ملکی سطح پر کسی فورم کی موجودگی کی ضرورت پر بھی گفتگو ہوئی.مقررین کا ماننا تھا کہ روایتی میڈیا اور ملازمت پیشہ صحافیوں کی نسبت بلاگرز اور سوشل میڈیا کے دوسرے پلیٹ فارمزاستعمال کرنے والے عام شہری زیادہ بہتر اور معروضی انداز میں بنیادی عوامی مسائل اور زمینی حقائق کو اجاگر کر سکتے ہیں.

کانفرنس میں پاکستان کے معروف شاعر جناب فرحت عباس شاہ صاحب بھی شریک تھے. انہوں نے پہلے دن نظامت کے فرائض بھی سرانجام دئیے. شاہ صاحب نے بلاگراں (ایک اصطلاح جو کانفرنس کے دوران بلاگرز کے متبادل کے طور پر مستمل رہی) کو سچائی اور ایمانداری سے اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور مسائل اور سماجی خوبیاں اجاگر کرنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا. انہوں نے کہا کہ بلاگرز بے لاگ تبصروں اور تجزیوں سے نہ صرف معاشرتی خرابیوں کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ تدارک کے لیے مفید مشورے اور آراء بھی دیتے ہیں جن پر عمل کر کے معاشرے کو کافی حد تک بہتر بنایا جا سکتا ہے.

ایشین کینیڈین جرنلسٹس ایسو سی ایشن کی معاونت سے اردو بلاگ فورم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس میں تقریب میں ملک کے تمام انتظامی حصوں سے بلاگرز نے شرکت کی. راقم گلگت بلتستان سے اس کانفرنس میں شریک واحد بلاگر تھا. یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں کچھ نوجوان اردو اور انگریزی بلاگنگ میں طبع آزمائی کر رہے ہیں. ان کی سرپرستی کی جائے تو علاقائی مسائل اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں.

کانفرنس کے دوران بیرون ملک مقیم ماہرین نے شرکا کو بلاگنگ کے اصولوں، رجحانات اور مشکلات سےآگاہ کرنے کے علاوہ سوالوں کے جواب بھی دئیے. کانفرنس کی کاروائیوں کو انٹرنیٹ پر براہ راست مختلف ممالک میں دکھا گیا.

کانفرنس کے روح رواں، محسن عباس، نے اردو بلاگرز کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر یقینا ایک اہم کارنامہ سرانجام دیا ہے جس کے لیے وہ مبارکباد کا مستحق ہے.

Related Articles

Back to top button