گوشہ اردو

اقوام متحدہ توہین رسالت کے خلاف قانون سازی کرے : اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت

نمایندہ خصوصی 

گلگت:  یوم عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ملک بھرکی طرح گلگت بلتستان میں بھی متعدد مقامات پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاج کیا اورریلیاں نکالی گئیں ۔جس میں رسول پاک کی شان اور انکی عظمت کے خلاف گستاخانہ فلم کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ کو دین اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف باہمی اتحاد واتفاق برقرارکھنے کی ترغیب دی گئی۔

ایک پریس ریلیز کے مطابق اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت کے زیراہتمام ذوالفقارآباد جماعت خانہ سے ہیلی چوک تک جمعے کے روز ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت کے صدرکرنل(ر)عبیداللہ بیگ اور اسماعیلی کونسل کے دیگر سینئرعہدیداران نے کی۔ جبکہ اسماعیلی والنٹیئرز اور بوائے سکاﺅٹس کے علاوہ سینکڑوں کی تعدادمیں لوگوں نے ریلی میں شرکت کی۔شرکاءنے ہاتھوں میں پلے کارڈزاور بینرزاٹھارکھے تھے ۔ جن پرگستاخ رسول مردہ باد ،شاتم رسول مردہ باد،امریکہ مردہ بادکے نعرے درج تھے۔ ریلی ہیلی چوک سے واپس لوٹ کر ریڈیوپاکستان کے قریب ذوالفقارآباد مین روڈپراجتماع کی شکل اختیار کرگئی۔ جس دوران نعرہ رسالت یارسول اللہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آالہ وسلم، اسلام زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے پوراعلاقہ گونج اٹھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسماعیلی طریقہ اینڈ ریلیجس ایجوکیشن بورڈ کے سینئرسکالر الواعظ سید شفاجان نے کہاکہ آج کادن ہماری جان ومال کورسول کریم (ص) کی راہ میں قربان کرنے کادن ہے۔کیونکہ ایک گستاخ نے ہمارے پیارے نبی کی شان میں گستاخی کرکے نہ صرف اپناچہرہ کالا کردیاہے بلکہ دنیاکے ڈیڑھ ارب سے زائدمسلمانوں کوبھی للکاراہے۔ جوہمارے لئے ناقابل برداشت ہے ۔کیونکہ محمد صلم صرف ایک شخصیت کانام نہیں بلکہ نبوت کے سرتاج کانام ہے۔آج اگر کوئی رسول صلم کی شان میں گستاخی کرکے اپنامنہ کالاکرناچاہتا ہے توہمیں بھی مل کر اس کامنہ مزیدکالاکرناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کمزوریوں کے باعث لومڑیاں بھی ہماری چھتوں پرآکر گستاخی کرتی ہیں۔بظاہرہم اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہیں لیکن ہم آپس میں متحدنہیں ہیں اورہمارے درمیان اتحاد واتفاق کافقدان ہے۔ ہمیں اپنی انفرادی زندگی پرنظریہ اسلام کوترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ایک عالمگیرمذہب کانام ہے۔ جس کے اندر کئی فرقے موجودہیں۔اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم آپس میں اتحادواتفاق سے ان تمام فرقوں کے عقائدکااحترام کریں اوراسلام بھی ہمیںیہی درس دیتا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاکہ وہ اس قسم کے مذموم سازشوں پرپابندی کیلئے قانون مرتب کریں اور اس سلسلے میں حکومت کوبھی کرداراداکرنے پرزوردیا۔

اس موقع پر اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت کے صدر کرنل(ر) عبیداللہ بیگ نے کہاکہ رسول کریم صلم کی شان میں گستاکی اسلام دشمن عناصر کی ایک گھناﺅنی سازش ہے۔جس کی ہم بھرپورمذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم تب تک مسلمان نہیں ہوسکتے جب تک ہم نبی کریم کی اُس محبت کواپنے والدین اور اولاد کی محبت سے بالاتر نہ سمجھیں کیونکہ یہی عشق وبندگی حضور کانام ہے۔آخرمیں انہوں نے ریلی کے انعقاد پرتعاﺅن کرنے پرمقامی انتظامیہ اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کا ریلی کے شرکا کی جانب سےاشکریہ اداکیا۔

Related Articles

Back to top button