چترال کے علاقے اویر میں دریا کے کنارے لڑکی کی تشدد زدہ لاش برآمد، پانچ دن سے لاپتہ تھی
چترال(گل حماد فاروقی) چترال کے بالائی علاقے بختولی اویر میں دریا کے کنارے سے نوجوان لڑکی کی لاش برآمد کی گئی۔ ملکہو پولیس کے مطابق ایک نوجوان لڑکی مسماة قادرہ گل دختر ذرمست خان سکنہ اویر گھر سے پانچ دنوں سے لاپتہ تھی اس کے عزیز و اقار ب اس کی تلاش میں مصروف تھے اور اسے ڈھونڈتے ہوئے بالائی اوئیر سے زیریں اوئیر پہنچ گئے جہاں دریا کے کنارے لڑکی کی لاش پڑی تھی۔ آزاد ذرائع نے ہمارے نمائندے کو بتایا لڑکی کی جسم پر تشدد کے نشانات بھی تھے اور یوں لگتا تھا کہ اسے کہیں اور مار کر اس کی لاش کو کھینچتے ہوئے دریا کے کنارے پھینک دیا گیا ہے۔ تھانہ ملکہو پولیس نے ابتدائی طور پر تفتیش شروع کردی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے پر مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ دریں اثناءعلاقے کے سیاسی اور سماجی طبقہ فکر نے مطالبہ کیا ہے کہ اس لڑکی کی قتل میں جوڈیشل انکوئری کی جائے اور اصل قاتلوں کو گرفتار کرکے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ نہایت پر امن ہیں اور یوں لگتا ہے کہ باہر سے کوئی آکر یہ واردات کر چکے ہیں۔ اس علاقے میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔