گلگت پولیس کی کاروائی، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد، چار افراد گرفتار
گلگت (خصوصی نامہ نگار ) گلگت پولیس نے دو الگ الگ مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بر آمد کر کے چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے گلگت کے تفریحی مقام کارگاہ کے گاﺅں ڈوگہ میں ایک کھیت میں چھپائے ہوئے اسلحہ سے متعلق اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی گلگت شیر خان اور بسین تھانے کے ایس ایچ او صفدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارگاہ ڈوگہ میں مذکورہ مقام پر کارروائی کرتے ہوئے کھیت سے چھپائے گئے ایک سٹینڈ گن، دو ایس ایم جیز، ایک عدد جی تھری ، ایک عدد8ایم ایم رائفل، چار عدد سیون ایم ایم رائفل، ایک عدد بارہ بور پستول اور مختلف ہتھیاروں کی227گولیاں بر آمد کر کے دو افراد جن میں سے ایک بسین شوٹی اور دوسرے کا تعلق نپورہ سے بتایا جاتا ہے کو گرفتار کر لیا ہے اور ان افراد کے خلاف غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گلگت پولیس نے دوسری کارروائی گلگت اور دیامر کی حدود کے درمیان شاہراہ قراقرم پر واقع چیک پوسٹ پر کی جہاں گلگت سے کوہستان جانے والی ایک کوسٹر کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی تو کوسٹر سے20کاٹن ڈائنا مائڈ اور ایک بنڈل بارود بتی برآمد ہوا۔ جس پر چیک پوسٹ میںتعینات عملے نے گاڑیمیں سوار دو افراد جن کا تعلق کوہستان کے علاقے جیجال سے بتایا جاتا ہے کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ایس پی گلگت کی سر براہی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس نے اپنی تحقیقات بھی شروع کر دی ہے تحقیقاتی ٹیم اس بات کی بھی جانچ کرے گی کہ آیا مذکورہ بارود گلگت بلتستان یا ملک کے کسی دوسرے شہر میں کہیں تخریبی کارروائی کے لئے استعمال کے مقاصد کے لئے تو نہیں لے جایا جا رہا تھا۔ گلگت کے عوامی حلقوں نے ایک عرصے بعد گلگت پولیس کی کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔