گوشہ اردو
اشکومن میں لیب اسسٹنٹ کی اسامیوں پرغیر مقامی افراد کی تقرری، مقامی امیدواروں کا عدالت جانے کی دھمکی
چٹورکھنڈ(نمائندہ خصوصی) محکمہ تعلیم کا اشکومن کیساتھ ایک اور زیادتی اور دفتری کرپشن کی انتہااشکومن میں لیب اسسٹنٹ BPS-7کے یونین سطح کے پوسٹوں پر تحصیل پونیال سے تین لڑکوں کو بھرتی کیا گیا۔مقامی امیدوار نظر انداز۔
تفصیلات کے مطابق اس سال لیبارٹری اسسٹنٹ کے لئے ہونے والے ٹسٹ انٹرویو کے رزلٹ کا اعلان کیا گیا جس میں محکمہ تعلیم نے اشکومن کے عوام کیساتھ اپنی دشمنی اور کرپشن کے اعزاز کو برقرار رکھتے ہوئے اشکومن کے یونین کے ایف ۔جی بوائز ہائی سکول پکورہ میں خالی اسامی پر سنگل سے تعلق رکھنے والے اسلم پرویز , ایف ۔جی بوائز ہائی سکول چٹورکھنڈ میں گاہکوچ سے جبکہ مڈل سکول ایمت میں ہاسس سے تعلق رکھنے والے افراد کو بطور لیب اسسٹنٹ تعینات کردیا ہے اور اس یونین کونسل سے ٹیسٹ انٹرویو دینے والے دو نوجوان امیدواروں کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا۔
واضح رہے کہ تحصیل اشکومن میں لیب اسسٹنٹ (مرد) کی 4آسامیاں خالی تھیں اور انٹرویو دینے والے امیدواران بھی تین تھے اب دو امیدواروں کو مکمل نظرانداز کرکے محکمہ تعلیم کے ڈی۔ڈی ایجوکیشن عبدالحکیم کے بیٹے کو ایف جی بوائز ہائی سکول اشکومن میں تعینات کردیا گیا ہے اور غریب امیدواروں کو نظر انداز کرکے پونیال سے تین لڑکوں کو مسلط کیا گیا ہے جو اشکومن کے عوام کیساتھ سراسر ظلم اور مقامی امیدواروں کی حق تلفی کی گئی ہے ۔متاثرہ امیدواروں نے چیف سکریٹری جناب سیف اللہ چھٹہ سے اپیل کیا ہے کہ اس کرپشن کی بھرپور تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قرار واقعی سز ا دی جائے اور امیدواروں دو روز کے اندر یہ تقرریاں منسوخ نہ کرنے کی صورت میں محکمہ تعلیم کے خلاف عدالت کا دروازہ بھی کھٹکٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔