گوشہ اردو
چیف سیکریٹری نے پرنسپلز کی پوسٹنگ، کالجزڈائریکٹریٹ میں سٹاف کی تعیناتی کے آرڈر پر دستخط کر دیے
گلگت ( سپیشل رپورٹر) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سجاد سلیم ہوتیانہ نے آج پرنسپلز کی پوسٹنگ اور ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن (کالجز) میں سٹاف کی تعیناتی کے آرڈر پر گلگت بلتستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور سیکریٹری تعلیم سید ہادی کی موجودگی میں دستخط کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان لیکچررز اینڈ پروفیسرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے آج سیکریٹری تعلیم سے ملاقات کی۔ اس دوران گلگت بلتستان کے پروفیسرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے ، کالجز کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد اذالہ کرنے اور ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن (کالجز) میں سٹاف کی تعیناتی کے حوالے سےتفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقعے پر سیکریٹری تعلیم نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں، بشمول صدر اویس احمد، جنرل سیکریٹری راحت شاہ، فنانس سیکریٹری محمد رفیع اور پریس اینڈ انفارمیشن سیکریٹری اشتیاق احمد شاد، کے ساتھ چیف سیکریٹری سے ملاقات کی اور چھ مہینوں سے التوا کا شکار معاملے کو حل کروانے کی درخواست کی۔ ان کوششوں کے نتیجے میں مذکورہ آرڈر جاری کیا گیا اور اس پر فی الفور عملدرآمد کا حکم جاری کر دیا گیا۔
اس موقع پر سیکریٹری تعلیم سید ہادی نے کہا کہ پروفیسرز کے لئے ٹائم سکیل منظور ہو چکا ہے اور اسکا نوٹیفیکیشن جلد از جلد جاری کیا جایئگا۔