پاکستان اسمارٹ شناختی کارڈ جاری کرے گا – ڈان اردو
اسلام آباد: نیشنل رجسٹریشن اینڈ ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) اب ایسے شناختی کارڈ جاری کرے گی جو نہ صرف محفوظ ہوں گے بلکہ ان کی نقول بھی تیار نہیں کی جاسکے گی۔
نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نئے شناختی کارڈوں میں ایک مائیکروچپ نصب ہوگی جو حکومت کو صحت کی سہولیات، لائف انشورنس اورسانحات کی صورت میں عطیات سے آگاہ کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نیا اسمارٹ شناختی کارڈ پہلے والے کارڈ سے الگ ہوگا جس میں تقریباً چھتیس فیچرز موجود ہوں گے۔
نادرا کے چیئرمین نے کہا کہ جرمنی اور بیلجیئم ایسے کارڈ کا تجربہ کرچکے ہیں اور اب پاکستان اس پوزیشن میں ہے کہ ایسے کارڈوں کا اجراء کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کارڈ کے اخراجات پرانے کارڈ کے مقابلے میں ذیادہ نہیں ہوں گے۔
اس سے قبل جمعے کو کابینہ کو اسمارٹ کارڈ کی خصوصیات پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ نئے کارڈ سے رقم کی وصولی، مالیاتی لین دین، بنا برانچ کے بینکنگ، ہیلتھ انشورنس، لائف انشورنس اور الیکٹرونک ووٹنگ بھی ممکن ہوسکے گی۔
ملک نے بتایا کہ پاکستان نائیجیریا کے لئے ایک شناختی انتظامی نظام اور سوڈان کے لئے سول رجسٹریشن پروگرام مرتب کررہا ہے۔ ساتھ ہی بنگلہ دیش کے لئے ڈرائیونگ لائسینس، اقوامِ متحدہ کے لئے پناہ گزینوں کا پروگرام اور عالمی بینک کے لئے پاکستان غربت کارڈ کا اجرا بھی کیا جارہا ہے۔